فائیوجی نیلامی،پاکستان کاڈیجیٹل ترقی میں بڑاکارنامہ،عالمی رپورٹ میں اعتراف

0
7

پاکستان نے فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے، جسے (جی ایس ایم اے) نے اپنی رپورٹ میں سراہا ہے۔رپورٹ میں وزارت آئی ٹی اورپی ٹی اے کی حکمت عملی کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان اس شعبے میں کئی ممالک، بشمول بھارت سے آگے نکل چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق عالمی درجہ بندی میں پاکستان نے آخری پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے آٹھویں نمبر پر جگہ بنائی ہے، جبکہ جاپان پہلے، چین دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ فلپائن، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور پاکستان سے آگے ہیں، تاہم پاکستان نے بھارت، ویتنام، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نیلامی کے دوران تین آپریٹرز نے مجموعی طور پر 480 میگاہرٹز اسپیکٹرم 142 ارب روپے میں حاصل کیا، جس کے بعد پاکستان کا مجموعی اسپیکٹرم 2.8 گنا بڑھ کر 750 میگاہرٹز تک پہنچ گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نیلامی سے قبل پاکستان کا اسپیکٹرم عالمی سطح پر کم ترین تھا، تاہم مختلف بینڈز کی دستیابی اور مناسب ریزرو قیمتوں نے اس عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں اس بات کو بھی مثبت قرار دیا گیا کہ نیلامی میں ادائیگی ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔GSMA نے مزید کہا کہ پاکستان کو 5G کے آغاز میں کچھ چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم ٹیلی کام ٹیکس اصلاحات، ڈیجیٹل اہداف پر توجہ اور طویل المدتی پالیسیوں کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موبائل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ سروسز کی سستی اور آسان دستیابی عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور ملک میں معاشی و سماجی ترقی کے نئے در وا ہوں گے۔

Leave a reply