بالی ووڈ اداکارہ زریں خان کی والدہ طویل علالت کےباعث انتقال کر گئیں

0
3

بالی ووڈ اداکارہ زریں خان کی والدہ پروین خان 65 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد ممبئی میں انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروین خان گزشتہ کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا شکار تھیں اور ان کی طبیعت مسلسل خراب رہنے کے باعث اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں ان کا انتقال ہوا۔
اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ زریں خان کی والدہ 8 اپریل 2026 کو پر سکون انداز میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔
بیان کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ ممبئی کے علاقے ورسووا میں ادا کی گئی، جس میں قریبی اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ زریں خان نے حالیہ دنوں میں اپنی والدہ کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی اور اس مشکل وقت میں ملنے والی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا تھا۔
زریں خان نے 2010 میں فلم ویر سے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس افسوسناک خبر کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کا سلسلہ جاری ہے۔

Leave a reply