مہمند اور شمالی وزیرستان میں فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

0
4

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں مستند انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع مہمند میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت ٹریس کیا گیا، جس کے بعد فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، اور اس دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ خوارج کے 8 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش کو ناکام بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں افغان حکام پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہیں، جبکہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق “عزم استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a reply