مکہ مکرمہ میں بین الاقوامی معیار کا ہوائی اڈہ اور جدید میٹرو نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی

مکہ مکرمہ میں جدید ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں نئے ایئرپورٹ اور میٹرو سسٹم کی تعمیر شامل ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ایک عہدیدار نے بتایا کہ شہر کی ترقی کے لیے بین الاقوامی معیار کا ہوائی اڈہ اور جدید میٹرو نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، تاکہ بڑھتی ہوئی آمد و رفت کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کے لیے قائم رائل کمیشن کے سی ای او صالح الرشید نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ نئے ایئرپورٹ کے لیے اسٹریٹجک اور معاشی سرمایہ کاری کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد ہر سال آنے والے لاکھوں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایسا سرمایہ کاری ماڈل تیار کر رہا ہے جو قریبی شہروں کے ایئرپورٹس کو متاثر کیے بغیر اس منصوبے کو کامیاب بنا سکے۔
صالح الرشید کے مطابق مکہ میٹرو منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈیز اور ابتدائی ڈیزائن مکمل ہو چکے ہیں، جس کے بعد عملی اقدامات کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ رہائشی سہولیات، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے، تاکہ شہریوں اور زائرین دونوں کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
ان منصوبوں میں “اسمارٹ مکہ” پروگرام بھی شامل ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت کے ذریعے مسجد الحرام اور اطراف میں ہجوم کی نقل و حرکت کی نگرانی اور مؤثر انتظام کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ جمرات برج اور مرکزی علاقوں میں ہجوم کے بہاؤ کی پیش گوئی کے لیے جدید نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جبکہ “بلدی” ایپ کے ساتھ مربوط فضائی نگرانی کے ذریعے حجاج کے سفر کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔















