تیسراون ڈے،پاکستان نےآسٹریلیا کو4وکٹوں سے شکست دیکرسیریزجیت لی

0
9

پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

اس سے قبل پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو صرف 157 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ مارنس لیبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز بنائے۔ ایڈم زمپا 10 رنز اسکور کر سکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، تاہم بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ معاذ صداقت نے 27 رنز بنائے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں عبدالصمد اور شاداب خان نے ساتویں وکٹ کے لیے 49 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا 42 رنز سے کامیاب رہا تھا۔ فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی کے بعد پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی۔

Leave a reply