وفاقی حکومت کاملک بھرمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنےکاعلان

0
2

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ ایل این جی گیس کی فراہمی کے بعد بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز کے دوران عوام کو لوڈ مینجمنٹ کا سامنا رہا، تاہم اب ایل این جی کی وصولی کے بعد صورتحال بہتر ہو چکی ہے اور بجلی کی فراہمی معمول پر آ گئی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل ملک میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی تھی، لیکن اب پن بجلی کی پیداوار بڑھ کر 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے یہ تقریباً ایک ہزار میگاواٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے فرنس آئل اور دیگر ایندھن سے چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی چلانا پڑا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ امید ہے ٹرانسمیشن لائنز کسی بڑی خرابی سے محفوظ رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قطری گیس کی عدم دستیابی کے باعث مہنگی ایل این جی خریدنا پڑی، تاہم اب حالات میں بہتری آ رہی ہے اور ماضی کی طرح لوڈ شیڈنگ سے بچنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 46 ہزار میگاواٹ نہیں بلکہ اس وقت تقریباً 32 ہزار میگاواٹ ہے، اور مختلف موسموں میں پیداواری صلاحیت میں کمی بیشی آتی رہتی ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صارفین کو مہنگی بجلی سے بچایا جائے، جبکہ ڈیمز سے پانی کے اخراج کا فیصلہ ارسا کرتا ہے جو صوبوں کی ضروریات کے مطابق ہوتا ہے۔

Leave a reply