
لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث سورج کی تپش نے صبح سے ہی شدت اختیار کر لی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے بعد زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت 26 سے بڑھ کر 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث حبس میں مزید اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔















