ایک خاتون ہسپتال زندگیاں بچانے گئی اس پر تیزاب پھینک دیا گیا ماہرہ خان کوئٹہ واقعے پر کانپ اٹھیں

ایک خاتون ہسپتال زندگیاں بچانے گئی اس پر تیزاب پھینک دیا گیا،ماہرہ کوئٹہ واقعے پر کانپ اٹھیں
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ کے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ایک خاتون دوسروں کی زندگیاں بچانے کیلئے گئی اور کسی نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
ماہرہ خان نے یہ بھی لکھا کہ میں تصور بھی نہیں کرسکتی، ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہسپتال میں حملہ کیا گیا، یہ وحشیانہ عمل اور برائی ہے، میں غصے سے کانپ رہی ہوں، یہ عورت حفاظت کی مستحق ہے، اس شخص نے خاتون ڈاکٹر کو تقریباً زندہ جلا دیا تھا جس کا خیال تھا کہ اس کے پاس ڈاکٹر کو تباہ کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ وقت صرف خواتین کے لیے ہی نہیں بلکہ مردوں کے لیے بھی ہے کہ بولیں اپنی آواز بلند کریں اور غصے کا اظہار کریں۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن ہسپتال میں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے وہ شدید متاثر ہوئیں۔
متاثرہ خاتون ڈاکٹر کو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا اور پھر بہتر سہولیات اور علاج کیلئے ائیر ایمبولینس سے کراچی منتقل کیا گیا۔















