یورپی یونین بچوں کے تحفظ کے معاملے پر میٹا کیخلاف کارروائی مزید سخت کرنے کیلئے متحرک

0
8

یورپی کمیشن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے کم عمر صارفین پر ممکنہ منفی اثرات کے تناظر میں میٹا کے خلاف جاری تحقیقات کو مزید وسعت دینے پر غور کر رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کا مرکز یہ جانچنا ہے کہ آیا فیس بک اور انسٹاگرام میں موجود بعض فیچرز اور ڈیزائن عناصر صارفین، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں، کو زیادہ وقت تک پلیٹ فارم پر مصروف رکھنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

یورپی ریگولیٹرز اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ ڈیزائننگ حکمتِ عملیاں کم عمر صارفین کی ذہنی صحت اور آن لائن رویوں پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ معاملہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے احتساب اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین کے نفاذ میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یورپی یونین جلد فیس بک اور انسٹاگرام سے متعلق ابتدائی نتائج جاری کر سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن آئندہ ماہ ماہرین کی سفارشات موصول ہونے کے بعد مزید سخت اقدامات پر غور کرے گا، جن میں کم عمر صارفین کے لیے اضافی حفاظتی پابندیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔

میٹا کو گزشتہ کئی برسوں سے نوجوان صارفین کی آن لائن حفاظت، ذہنی صحت اور سوشل میڈیا کے استعمال کے اثرات کے حوالے سے تنقید کا سامنا ہے۔ کمپنی اور یورپی حکام نے فی الحال جاری تحقیقات پر تفصیلی تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت میٹا 2024 سے یورپی ریگولیٹرز کی نگرانی میں ہے، جبکہ مختلف ممالک میں بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ڈیزائن اور ان کے بچوں پر اثرات کے حوالے سے قانونی جانچ جاری ہے۔

Leave a reply