
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت اور معاشرتی تحفظ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری بی آئی سی پی عامر احمد علی نے بتایا کہ 16جولائی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مکمل ڈیجیٹل ہو جائے گا، مستحقین کو قطاروں سے بچانے کیلئے ان کے بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل کرنےکافیصلہ کیا گیا، مستحقین کو پیغام دیا جائے گا کہ ایک ہی روز میں رقم نکالنا ضروری نہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سال 2008 سے مسلسل چل رہا ہے، ڈائریکٹرز سے لے کر ڈرائیور تک سب ڈیپوٹیشن پر کام کر رہے ہیں، ادارے میں مستقل بنیادوں پر ریگولر ملازمین نہیں رکھے گئے، اس کی کیا وجہ ہے؟
ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ ملازمین ڈیپوٹیشن پر ہیں مستقل بھرتیوں کا معاملہ وزارت خزانہ کو بھجوایا ہوا ہے۔قائمہ کمیٹی نے مستقل بھرتیوں کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
قائمہ کمیٹی کی جانب سے بی آئی ایس پی کے 6پارٹنرز بینکوں کو ایجنٹس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔















