
حکام کےمطابق ضوابط صرف گرڈ سے منسلک نیٹ میٹرنگ صارفین پر لاگو ہوتے ہیں۔گرڈ سے منسلک شمسی صارفین کو نئے قوانین کے تحت لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔اب 25 کلو واٹ تک کے سسٹمز کے لیے لائسنس جاری کیے گئے ہیں
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ہفتے کے روز واضح کیا کہ شمسی توانائی کے ایسے صارفین جو نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، انہیں ریگولیٹر سے کسی لائسنس کی ضرورت نہیں ہے، اور ایسی کوئی تجویز فی الحال زیر غور نہیں ہے۔
ایک بیان میں نیپرا حکام نے وضاحت کی کہ اس کے ضوابط کا اطلاق آف گرڈ شمسی صارفین پر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قواعد صرف نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کیٹیگریز کے تحت آنے والے صارفین کا احاطہ کرتے ہیں، جو کہ نیشنل گرڈ سے منسلک افراد تک محدود ہیں۔















