کم عمر بچوں کو انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی

0
9

برطانیہ کی حکومت نے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ میں 16 سال سے کم عمر افراد کو زیادہ کیفین والی انرجی ڈرنکس فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
اس مجوزہ قانون کے نفاذ کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہوگی، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں اور نوعمر افراد کو کیفین کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق وہ تمام انرجی ڈرنکس اس پابندی کے دائرے میں آئیں گی جن میں فی لیٹر 150 ملی گرام سے زیادہ کیفین موجود ہو۔ یہ پابندی صرف دکانوں تک محدود نہیں ہوگی بلکہ وینڈنگ مشینوں اور آن لائن فروخت پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
برطانیہ کی وزیر برائے صحت عامہ شیرون ہاڈسن کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ نسل کو زیادہ صحت مند بنانے کے عزم پر کاربند ہے، اسی لیے بچوں میں زیادہ کیفین والے مشروبات کے استعمال کو محدود کرنا ضروری سمجھا گیا ہے۔
ان کے مطابق مختلف تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال بچوں میں نیند کی خرابی، بے چینی، سر درد اور توجہ مرکوز کرنے میں دشواری جیسے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

Leave a reply