پاکستانی یوٹیوب چینلز کی عالمی رسائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

0
4

پاکستانی یوٹیوبرز کی مقبولیت،پاکستان کے یوٹیوب کری ایٹرز کا مواد ملکی سرحدوں سے نکل کر عالمی سطح پر خود کو منوانے لگا۔
دنیا بھر میں مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستانی مواد کو دنیا کے مختلف خطوں میں غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فنکار، ڈیجیٹل کری ایٹرز اور تخلیقی شعبے سے وابستہ افراد مسلسل ایسے منفرد اور معیاری ویڈیوز تیار کر رہے ہیں، جو نا صرف مقامی ناظرین ،بلکہ بیرونِ ملک رہنے والے صارفین کو بھی اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی یوٹیوب چینلز کی عالمی رسائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی صارفین نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر دو کروڑ گھنٹوں سے زیادہ دورانیے پر مشتمل ویڈیوز اپ لوڈ کیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان میں ڈیجیٹل مواد کی تیاری اور اس کی کھپت دونوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اندر اور بیرونِ ملک موجود ناظرین ریکارڈ تعداد میں پاکستانی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔ جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں پاکستانی مواد کو پسند کیا جا رہا ہے، جس سے ملک کے ڈیجیٹل تخلیق کاروں کی بین الاقوامی شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

Leave a reply