بیویوں کا دوستوں میں مذاق اُڑانا دیسی مردوں کا کلچر ہے،اداکارہ سنیتا مارشل

پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں بعض مردوں کے اپنی بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنیتا مارشل نے کہا کہ ’’تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں میں بیٹھ کر اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ یہ ہمارے دیسی کلچر میں زیادہ ہے، لیکن مغرب میں ایسا کچھ نہیں ہے۔‘‘
اداکارہ نے کہا کہ اگر بیوی سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو بعض شوہر اسی وقت اسے یہ کہہ دیتے ہیں کہ ’’تم اپنے مشورے اپنے پاس رکھو‘‘، حالانکہ یہی بات بعد میں بھی مناسب انداز میں سمجھائی جا سکتی ہے۔
سنیتا مارشل نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں بعض مردوں کی ذہنیت ایسی بنائی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کم تر ہیں۔ ان کے مطابق بعض شوہر بیوی سے ’آپ‘ کے بجائے ’تم‘ کہہ کر بات کرتے ہیں اور خود کو برتر سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بیوی کا مذاق اڑانا بھی اپنا حق سمجھتے ہیں۔
سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے ان کے مؤقف پر مختلف آرا کا اظہار کیا۔















