
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے یورپی پارلیمنٹ کی رکن میری فاطمہ خان ہولچ نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، ٹیکنالوجی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پنجاب حکومت یورپی ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے وفد کو پنجاب میں آئی ٹی اور زرعی شعبے میں کی جانے والی جدید اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کی رکن میری فاطمہ خان ہولچ نے پنجاب حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کی رفتار اور معیار کو سراہا۔
انہوں نے خاص طور پر صوبے میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی بہبود کے لیے شروع کیے گئے تاریخی اقدام ‘مینارٹی کارڈ’ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے انتہائی خوش آئند ہیں۔
ملاقات میں دونوں جانب سے مستقبل میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔















