
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ پاکستان کے ساتھ آن کھڑا ہوا اور کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان اور ترکیہ دو جان ایک قالب ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے 103 ویں یوم جمہوریہ پر ترکیہ کے سفیر کی رہائش گاہ پر عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعلیمی ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں اشتراک عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تب*اہ کن سیلابوں میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ترک خاتون اول امینے اردوان نے اپنا نیکلس سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیا، ترک عوام نے بھی انقرہ، استنبول اور اناطولیہ میں اپنے رہنماؤں کی کال پر پاکستانیوں کے لیے دل کھول دیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سو برس قبل کی تحریک خلافت اور زلزلے اور سیلاب پر ترکیہ کی امداد وقت کے ایک ہی لمحے، گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ ہمارے ساتھ آ کھڑا ہوا۔
ترکیہ سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولو نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ پاکستان اور ترکیہ کی قومیں اکٹھی رہی ہیں، پاکستان کو چوٹ پر ترکیہ درد محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف تاریخی تعلقات کو ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنا ہے، جس کی ایک شان دار مثال مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے، سفیر عرفان نذیر اولو نے اس موقع پر ترک صدر رجپ طیب اردوان کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
قبل ازیں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، مہمانوں نے مشترکہ طور پر کیک بھی کاٹا اور عشایے میں خصوصی طور پر موسیقی کا انتظام کیا گیا تھا، جس کو شرکا نے بے حد سراہا۔















