روبوٹ کتوں کو سڑکوں پر گھمائیں اور ڈالرکمائیں، امریکی کمپنی کی انوکھی ملازمت

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے روبوٹ کتوں کو سڑکوں پر گھمانے کے لیے افراد کو فی گھنٹہ 20 ڈالر معاوضے پر ملازمت دینے کی پیشکش کی ہے۔
سان فرانسسکو میں قائم کمپنی ’ڈائمینشنل‘ نے اس ملازمت کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، جس کے تحت ملازمین کو روزانہ 4 سے 6 گھنٹے روبوٹ کتوں کے ساتھ عوامی مقامات پر چلنا تھا۔ اس کام کے لیے روبوٹکس کا سابقہ تجربہ ضروری نہیں تھا، تاہم بعد میں ملازمت کا اشتہار ہٹا دیا گیا۔
کمپنی کے بانی اسٹیش پومیخٹر کے مطابق اس تجربے کا مقصد روبوٹس کو حقیقی ماحول میں بہتر انداز سے چلنے اور راستے تلاش کرنے کی تربیت دینا ہے۔ اس دوران انسان روبوٹ کتوں کو کنٹرول کرتے ہیں، جبکہ ان میں نصب کیمرے اور سینسر اردگرد کے ماحول اور راستوں کے بارے میں معلومات جمع کرتے ہیں۔ بعد میں یہ معلومات مصنوعی ذہانت کے نظام کو خودکار انداز میں کام کرنے کے قابل بنانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
کمپنی کے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ روبوٹس کو کنٹرول کرنے میں مصنوعی ذہانت ابھی انسانوں جتنی مؤثر نہیں۔ بعض اوقات روبوٹ زیادہ گرم ہونے یا اچانک کام کرنا بند کرنے کے باعث رک جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں ملازمین کو تقریباً 15 کلوگرام وزنی روبوٹ اٹھا کر دفتر واپس لے جانا پڑ سکتا ہے۔















