کراچی میں ہر طرح کے رکشے پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں‘ڈی آئی جی ٹریفک

پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہر طرح کے رکشے پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ چنگچی رکشوں کو مین روڈ سے ہٹانے کیلئےکوشش کررہے ہیں، اور شہر میں ہر طرح کے رکشے پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں، روڈ پر وہ رکشہ چلے گا جس میں میٹر لگا ہوگا۔ ای چالان سے متعلق لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں۔
پیر محمد شاہ نے بیان میں یہ بھی بتایا کہ ای چالان سے متعلق لوگوں کے ساتھ سنجیدہ مسائل ہیں، شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ای ٹکٹنگ (ای چالان) سیف سٹی منصوبے کا حصہ ہے، شہر میں 45 ہزار ایسی گاڑیاں ہیں جو لوگ اپنے نام پر نہیں چلا رہے۔
پیر محمد شاہ کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو تھانے کے حوالے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جو ہم نے مینوئل ٹکٹس جنریٹ کیے تھے اس سے کم ای چالان کیے ہیں، ای چالان آٹوجنریٹڈ ہیں لہٰذا غلطیاں ہو جاتی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے بتایا کہ ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ سے ٹریفک کی روانگی میں بہتری آئی ہے، چوتھی لائن میں جانے والے بائیک سوار کو ای ٹکٹ دے رہے ہیں، کراچی میں گزشتہ سال ہیوی ٹریفک سے 164 جانیں ضائع ہوئی تھیں، جس میں اب 45 فیصد کمی آئی ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی بنانے جا رہے ہیں۔















