طویل عرصہ بعد بسنت کے تہوار کی واپسی ، متعدد نئے گانے ریلیز

آسمان پر رنگ برنگی پتنگوں کے ساتھ مشہور بسنتی گانوں کی دھنوں نے شہر ِبے مثال لاہور کو مزید رنگین بنا دیا۔
بسنت 2026 کے موقع پر متعدد نئے گانے ریلیز ہوئے ہیں،جو لاہور کی ثقافت اور پتنگ بازی کے شوق کے آئینہ دار ہیں۔ ان میں انزی ڈی ایکس کاپنجابی گانا’’بسنت آ گئی لاہور ‘‘ کافی مقبول ہو رہا ہے، جس میں بسنت کی خوشیوں اورزندہ دلانِ لاہور کو زبردست انداز میں خراج ِتحسین پیش کیا گیا ہے۔
بسنتی گانوں میں سونو ڈینجرس اور خان عمیر کا نیا ٹریک’’ آئی بسنت‘‘ بھی لاہوری نوجوانوں میں خاصا مقبول ہو رہا ہے۔اس گانے کے شروع میں کمنٹری کے انداز میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے بسنت کی واپسی کے اقدام کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا ہے۔
گلوکار کامران لاہوری کا گایا گیت ’’بسنت لاہور دی‘‘بھی ایک ایسا ہی تازہ پنجابی کلچرل گانا ہے، جو بسنت کے تہوار کی روایت کو زندہ کر رہا ہے۔اس گانے میں سجناں تے یاراں دے نال ملکر بسنت کے تہوار کو منانے کی بات چیت اورباز گشت سنائی دیتی ہے۔
بسنت کے نئے گانوں میں مشہور فلم سٹار اور گلوکار میگھا جی کا ڈھول کی تھاپ پر گایا گیت’’آ گئی اے بسنت، اَج ڈھول وجیا‘‘لاہور میں بسنت کے ثقافتی رنگوں کو مزید خوبصورت بنا رہا ہے۔یہ شوخ اور چنچل گیت لاہور کے جشنِ بہاراں اور بسنت کے تہوار کی شاندار واپسی کا عکاس ہے۔















