پاسپورٹ سسٹم میں بڑی تبدیلی، شہری گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے

0
2

اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے پاسپورٹ نظام میں جدید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت شہری اب گھر بیٹھے پاسپورٹ کیلئے درخواست دے سکیں گے۔
یہ فیصلہ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں نادرا کے تکنیکی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
حکام کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے تحت پاسپورٹ نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکروں اور طویل قطاروں سے نجات دلائی جا سکے۔نئے نظام کے تحت تمام پاسپورٹ دفاتر میں آئندہ 15 روز کے دوران کیش لیس سسٹم نافذ کیا جائے گا، جبکہ پاسپورٹ کی ادائیگی اور دیگر مراحل کو مزید شفاف بنایا جائے گا تاکہ ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
حکام نے بتایا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجراء کا وقت پہلے ہی 21 دن سے کم کر کے 14 دن کیا جا چکا ہے، جبکہ تاجر برادری کیلئے خصوصی بزنس پاسپورٹ متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
مزید برآں شہریوں کی شکایات اور رہنمائی کیلئے جدید ڈیجیٹل کمپلینٹ سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں آن لائن شکایات درج اور فوری رہنمائی حاصل کی جا سکے گی۔

Leave a reply