وزیراعلیٰ مریم نوازنے واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کا افتتاح کر دیا

0
6

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کا افتتاح کر دیا۔
افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے سیوریج جینٹنگ مشین، سیور سکشن مشین اور دیگر گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ان کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ لی۔
انہوں نے مشینری کے ڈرائیورز کو شاباش دیتے ہوئے عوام کی خدمت کو ترجیح دینے کی تلقین کی۔
وزیراعلیٰ نے واسا پنجاب کو فعال بنانے پر صوبائی وزیر بلال یٰسین، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور سیوریج گاڑیوں کی چابیاں وزیر ہاؤسنگ کے سپرد کیں۔
اس موقع پر بلال یٰسین نے وزیراعلیٰ کو واسا پنجاب سیوریج فلیٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 15 اضلاع کو 552 جدید گاڑیاں اور مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں سیوریج سکشن مشین، جینٹنگ مشین، ڈی سلٹنگ مشین، واٹر باؤزر، ڈمپر، ٹرک کرین اور دیگر جدید آلات شامل ہیں۔پہلے مرحلے میں جہلم، گجرات، اوکاڑہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، جھنگ اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع کو جدید سیوریج مشینری فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی مشینیں اور گاڑیاں پہنچ چکی ہیں۔دوسرے مرحلے میں مزید 22 اضلاع کو 937 سیوریج مشینیں اور گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار ضلعی سطح پر سیوریج سروسز اور آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بھی بڑی سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کی فراہمی کا مقصد سیلابی اور بارشی پانی سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ہے اور ہر ضلع میں بارش کی صورت میں فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی سہولت اولین ترجیح ہے اور مون سون سے قبل تمام شہروں میں نکاسی آب کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے، جبکہ پورے پنجاب میں واسا کے قیام کا وعدہ بھی پورا کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply