پیک اوقات میں لوڈشیڈنگ کا فیصلہ، پاور ڈویژن نے نیا پلان جاری کر دیا

0
7

پاور ڈویژن کے ترجمان نے پیک آورز ریلیف اسٹریٹیجی کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو پیک اوقات میں بجلی کی کھپت میں اضافے کے مسئلے کا سامنا ہے، جس کے باعث شام 5 بجے سے رات 1 بجے تک روزانہ تقریباً 2 گھنٹے 15 منٹ لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق ڈسکوز کو بجلی بندش کے اوقات صارفین کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، اور حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کمرشل مارکیٹس کی بروقت بندش سے بجلی کی مجموعی طلب میں کمی لائی جا سکتی ہے، جس سے نرخوں میں ممکنہ اضافے کو بھی محدود کیا جا سکتا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ مہنگے ایندھن کے کم استعمال سے بجلی کی قیمتوں میں متوقع اضافہ روکا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران صارفین کو 46 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71 پیسے فی یونٹ سستی ہوئی۔ کم لاگت توانائی ذرائع اور پیداواری نظام کے بہتر استعمال سے کارکردگی میں بہتری لائی گئی اور انتظامی و ترسیلی نقصانات میں بھی کمی ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی سطح پر چیلنجز کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے اور موجودہ نظام ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگے ایندھن پر انحصار بڑھنے سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

Leave a reply