
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی سرکاری گرین بیلٹس اور دیگر مقامات پر قائم تمام تجاوزات ختم کرکے دوبارہ شجرکاری اور ہریالی بحال کی جائے گی۔ اس کارروائی میں امیر اور غریب کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا جائے گا، جبکہ متاثرہ افراد کو متبادل جگہ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں 27 نئے تھانے بنانے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 10 پر تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ بعض دیگر تھانوں کے لیے جگہ بھی مختص کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت کا چارج سنبھالتے ہی 27 نئے تھانوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس کے علاوہ 8 سے 9 تھانوں کی تزئین و آرائش مکمل ہوچکی ہے، جن کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود کے تعین سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں شہروں کے بعض علاقے ایک دوسرے سے ملتے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم کی رپورٹنگ اور متعلقہ تھانے کے تعین میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی واردات یا دوسرے مسئلے کی صورت میں متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرنے میں پریشانی نہ ہو۔















