
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دوہری شہریت سے متعلق لازمی ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والے اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی اجازت کے لیے وزیراعظم آفس کو سمری ارسال کردی ہے۔
سمری میں گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کے خلاف کارروائی کی منظوری طلب کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی اجازت ملنے کے بعد متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 2 ہزار 917 سرکاری افسران میں سے 62.5 فیصد نے تاحال دوہری شہریت سے متعلق مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہیں کرایا، جبکہ ڈیکلریشن جمع کرانے والے افسران میں سے صرف 8.68 فیصد نے غیر ملکی شہریت رکھنے کا انکشاف کیا ہے۔
ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والوں میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکریٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے افسران بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ افسران کی ترقیاں روکی جاسکتی ہیں، انہیں لازمی ریٹائر کیا جاسکتا ہے یا ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔















