
اسلام آباد سے موصول اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ ہفتے پاکستان کے ممکنہ مختصر دورے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے متوقع دورۂ چین سے قبل چند گھنٹوں کیلئے پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں، جہاں وہ اہم ملاقاتیں بھی کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر 14 اور 15 مئی کو چین کے دورے پر جا سکتے ہیں، جبکہ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں اور سفارتی پیش رفت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر صدر ٹرمپ نور خان ایئربیس پر مختصر قیام کریں گے۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً ایران سے متعلق سفارتی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 2011 کے بعد کسی بھی امریکی نائب صدر کا پہلا دورہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہوا تھا، جبکہ کسی امریکی صدر کا آخری دورہ 2006 میں اُس وقت ہوا تھا جب جارج ڈبلیو بش پاکستان آئے تھے۔















