تعلیمی بورڈز کی نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری

طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر، پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی۔
ایجوکیشن بورڈز کےاعلامیے کے مطابق میٹرک کے امتحانات رواں ماہ عید الفطر کے فوری بعد 27 مارچ سے شروع ہوں گے، پہلا پرچہ عربی، کمرشل جغرافیہ اور تاریخ کا لیا جائے گا، جبکہ میٹرک کا آخری پیپر 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخِ اسلام کا ہو گا۔
ایجوکیشن بورڈز کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق،نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے، پہلا پرچہ اکنامکس، جغرافیہ، وڈ ورک اور بجلی کی وائرنگ، جبکہ آخری پیپر 8 مئی کو اسلامیات لازمی کا ہو گا۔میٹرک کے عملی امتحانات 12 مئی سے 22 مئی تک منعقد کیے جائیں گے۔
پنجاب کےتعلیمی بورڈز نے طلبا کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانی شیڈول کے مطابق اپنی تیاری مکمل کریں اور مقررہ تاریخوں پر بروقت امتحانی مراکز میں پہنچیں۔ دوسری طرف سندھ میں میٹرک 30 مارچ اور انٹر کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔















