
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں مزید 34 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جبکہ اس کا اطلاق رواں ماہ جولائی کے بجلی بلوں میں کیا جائے گا۔
نیپرا نے واضح کیا ہے کہ یہ اضافہ کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام متعلقہ صارفین پر لاگو ہوگا۔
دستاویز کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)نے مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، تاہم نیپرا نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔بجلی کی قیمتوں میں نئے اضافے کے بعد صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھ جائے گا، جبکہ نئے مالی سال کے آغاز پر بجلی کے مہنگے نرخ عوام کے لیے ایک اور معاشی چیلنج بن گئے ہیں۔















