
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور جاری مون سون سیزن کے دوران مربوط ردعمل کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ردعمل کے نظام سے آگاہ کیا، جس میں “ڈیزاسٹر لینز 2026” بھی شامل ہے، جو موجودہ مون سون صورتحال اور مختلف نوعیت کے خطرات کی نگرانی کے نظام کو ظاہر کرتا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے جانی و اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے تیاری، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور فوری ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔















