فیفاورلڈکپ 2026،ایران نےامریکامیں کھیلنےکی تصدیق کردی

ایرانی وزارتِ کھیل نے کہا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم امریکا میں ہونے والے آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق ایونٹ میں شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔اس سے قبل فیفا کے صدر بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ ایرانی ٹیم ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔
یاد رہے کہ ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔
شیڈول کے مطابق ایران کے تمام میچز امریکا میں ہوں گے، جہاں پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف، دوسرا 21 جون کو بیلجیئم اور تیسرا 27 جون کو مصر کے خلاف کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل ایرانی فٹبال فیڈریشن نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے باعث وہ اپنے میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کے لیے فیفا سے بات چیت کر رہی ہے۔














