اسلام آباد میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا فیصلہ مارگلہ کے دامن میں ہزار ایکڑ پارک کی منظوری

0
7

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں تقریباً ایک ہزار ایکڑ رقبے پر ایک بڑا تفریحی پارک تعمیر کیا جائے گا، جس کا مقصد شہریوں کو جدید اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایک ماڈل اور بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں، جہاں جدید سہولیات اور تفریح کے بہتر مواقع دستیاب ہوں گے۔
اجلاس میں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت فائیو اسٹار ہوٹلز کی تعمیر پر بھی غور کیا گیا، جبکہ ای او بی آئی کے تعاون سے جاری ہوٹل منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئی زیرو ٹیکس ہوٹل پالیسی تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی مکمل اراضی اور پراپرٹی کے سروے کے لیے سروے آف پاکستان کو بھی ذمہ داری سونپی گئی۔

Leave a reply