فضا علی کا ریٹنگ کیلئے حد سے بڑھ جانا نیا نہیں، عظمیٰ بخاری

0
2

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اداکارہ فضا علی کی وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی حرکتیں کرنے کی عادت رکھتی ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اور پیمرا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ اخلاقی حدود کہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کی کم عمر بیٹی بھی پروگرام میں موجود تھی، اس کے باوجود اس نوعیت کا مواد کیمرے پر دکھایا گیا، جو ذاتی زندگی کے تقدس کے خلاف ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اگرچہ ہر شخص اپنی زندگی میں خوش رہنے کا حق رکھتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسی حرکات کو سرعام نشر کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے مناظر کو روکا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ فضا علی کا ریٹنگ کے لیے حد سے بڑھ جانا نیا نہیں، تاہم یہ مناظر دیکھ کر افسوس ہوا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فضا علی نے اپنے مارننگ شو میں شوہر اعجاز خان کو مدعو کیا تھا، جہاں ان کی ذاتی کہانی اور گفتگو شامل تھی۔ پروگرام میں ان کی بیٹی بھی موجود تھی، جس کی فرمائش پر ایک ایسا لمحہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور شدید تنقید کی زد میں آ گئی۔

Leave a reply