
پنجاب کے باصلاحیت طلبہ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے اگلے مرحلے کا پورٹل کھول دیا گیا ہے، جس کے ذریعے طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خواب پورے کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 60 ہزار باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس اسکالرشپ پروگرام میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 70 مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع شامل ہیں۔
پروگرام کا مقصد باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے میں مدد دینا ہے۔
طلبہ کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کے خواب پنجاب کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر بھروسا رکھیں، محنت سے تعلیم حاصل کریں اور مشکلات کو اپنے راستے کی رکاوٹ نہ بننے دیں۔
انہوں نے کہا کہ باصلاحیت طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع ملنے چاہییں اور ان کی محنت کو سراہا جانا چاہیے۔ نوجوانوں کی کامیابی پنجاب کا فخر ہے اور ان کی صلاحیتیں صوبے کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے نئے مرحلے کے لیے اہل طلبہ کو درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کا موقع حاصل کرسکیں۔















