پاکستان میں دورانِ پرواز انٹرنیٹ اور موبائل سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ

0
3

پاکستان میں ہوائی جہازوں کے اندر انٹرنیٹ اور موبائل سروسز فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، کیونکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ان فلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ سروسز کے لیے لائسنس کا مسودہ تیار کر کے مشاورت کیلئے جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق متعلقہ اسٹیک ہولڈرز 31 مئی تک اپنی تجاویز اور سفارشات جمع کرا سکتے ہیں۔ مجوزہ لائسنس کے تحت پرواز کے دوران سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور موبائل کمیونیکیشن سروسز فراہم کی جا سکیں گی۔
لائسنس کے مطابق ہوائی جہاز میں موبائل سروس 3000 میٹر کی بلندی پر مشروط ہوگی، جبکہ لائسنس کی مدت 10 سال رکھی گئی ہے اور اس کی تجدید بھی ممکن ہوگی۔ سروس شروع کرنے سے قبل پی ٹی اے سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ لائسنس ہولڈرز کو 12 ماہ کے اندر سروس کا آغاز کرنا ہوگا۔
مزید یہ کہ ڈیٹا کی اسٹوریج اور پراسیسنگ پاکستان میں ہی کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سیٹلائٹ آپریٹر کی متعلقہ اداروں میں رجسٹریشن بھی ضروری ہوگی۔
بین الاقوامی بینڈوڈتھ مقامی لائسنس یافتہ کمپنیوں سے حاصل کرنا لازم ہوگا۔صارفین کے ڈیٹا کی رازداری اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی شرط بھی شامل کی گئی ہے، جبکہ بغیر اجازت ٹیلی کام آلات کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔ سروس کا معیار بین الاقوامی اصولوں کے مطابق رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق فی الحال اسپیکٹرم فیس لاگو نہیں ہوگی، تاہم مستقبل میں اس پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔ لائسنس کی منتقلی کیلئے پی ٹی اے کی پیشگی اجازت درکار ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply