ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی میںبڑی پیشرفت،سمندری نگرانی اور حملوں کیلئے جدید ڈرون متعارف

اسیلسان نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے نیا سمندری ڈرون ’طوفان‘ متعارف کرا دیا ہے، جو بغیر پائلٹ کے سمندر میں مختلف مشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ ڈرون استنبول میں منعقد ہونے والی SAHA 2026 دفاعی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق ’طوفان‘ ایک اَن مینڈ سرفیس وہیکل ہے، جو سمندر کی سطح پر خودکار جنگی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ نگرانی، جاسوسی اور انٹیلیجنس مشنز بھی سرانجام دے سکتا ہے۔تقریباً 8.1 میٹر طویل اس ڈرون کو پیٹرول انجن اور واٹر جیٹ پروپلشن سسٹم سے لیس کیا گیا ہے، جو اسے تیز رفتار اور فوری تعیناتی کے قابل بناتا ہے، چاہے وہ ساحلی علاقے ہوں یا کھلا سمندر۔رپورٹس کے مطابق ’طوفان‘ کی خاص بات اس کی جدید ’سوارم انٹیلیجنس‘ ہے، جس کے تحت یہ اکیلے یا گروپ کی صورت میں مختلف مشنز انجام دے سکتا ہے، جن میں بیک وقت نگرانی، حملہ اور جاسوسی شامل ہیں۔
اس میں خودکار نیویگیشن، رکاوٹوں سے بچاؤ اور وژن بیسڈ ٹارگٹ شناخت کی صلاحیت بھی موجود ہے، جبکہ اسے ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے لیس کیا گیا ہے جو سمندری اور ساحلی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔















