انڈونیشیا: پاکستانی طلباو طالبات کیلئے مکمل فنڈڈ سکالرشپ کا اجراء

بیرون ملک جا کر تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا و طالبات کیلئے خوشخبری، انڈونیشیا نے ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستانی طلبا کیلئے مکمل فنڈڈ سکالرشپ کا اجراء کر دیا ۔
انڈونیشیا کی حکومت نے ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان کے طلبا کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے پروگراموں میں بغیر کسی فیس کے داخلہ دیا جائے گا۔ اس سکالرشپ کا مقصد بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو فروغ دینا اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنا ہے۔انڈونیشیا کی 34 یونیورسٹیاں اس سکالرشپ سکیم میں حصہ لے رہی ہیں، جو انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، اکنامکس، میڈیسن، آرکیٹیکچر، قانون، پبلک ایڈمنسٹریشن، سیاحت، ڈیٹا سائنس، نرسنگ، سوشیالوجی، پولیٹیکل سائنس اور ماحولیاتی علوم سمیت 1008 مختلف پروگرام پیش کر رہی ہیں۔
منتخب امیدواروں کو ایک سال کی انڈونیشین زبان کی تربیت کے بعد تعلیمی پروگرام میں داخلہ ملے گا، اس سکیم میں شامل طلبا کو ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، کتابوں کے الاؤنس، صحت کا بیمہ، بین الاقوامی سفر اور مقامی نقل و حمل کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔
بیچلر پروگرام 48 ماہ، ماسٹرز 24 ماہ اور پی ایچ ڈی 48 ماہ پر محیط ہوں گے، درخواست دینے کیلئے امیدوار پہلے اپنے ملک میں انڈونیشیائی سفارت خانے یا کونسل خانے سے سفارش حاصل کریں، پھر سرکاری سکالرشپ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرائیں گے۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 ہے۔















