مہنگائی کانیاطوفان:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈاضافہ

0
6

مہنگائی کانیاطوفان،حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈاضافہ کردیا۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیرِ خزانہ محمداورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ، جس کے بعدپیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اورڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد لیوی 160 روپے 61 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی ختم کر دی گئی ہے جو اس سے قبل 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر تھی۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملکی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی متعارف کرا رہی ہے تاکہ یہ براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل صارفین کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔مزید یہ کہ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے 70 ہزار روپے ماہانہ فیول سبسڈی دی جائے گی۔ ریلوے کے لیے بھی حکومتی سبسڈی دی جائے گی تاکہ کرایوں کو قابو میں رکھا جا سکے۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں صدرِ مملکت کی رہنمائی قابلِ قدر ہے اور خطے کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا اس بحران کو پیدا کرنے میں کوئی کردار نہیں، بلکہ کوشش ہے کہ جلد از جلد اس صورتحال پر قابو پایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

Leave a reply