انسٹاگرام صارفین ہوشیار! میٹا نے اے آئی استعمال کیلئےنئی سیٹنگز متعارف کرا دیں

0
6

انسٹاگرام صارفین ہوشیار! میٹا نے اے آئی استعمال کیلئےنئی سیٹنگز متعارف کرا دیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق میٹا کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) نظام میں عوامی انسٹاگرام اکاؤنٹس کی تصاویر کو بطور حوالہ استعمال کرتے ہوئے نئی تصاویر تیار کی جا سکتی ہیں۔ اس عمل کے لیے کوئی بھی شخص کسی پبلک انسٹاگرام پروفائل کو ٹیگ کر کے وہاں موجود تصاویر کی بنیاد پر اے آئی سے نیا مواد بنوا سکتا ہے۔

میٹا کے مطابق اے آئی کے ذریعے تیار کیے جانے والے مواد کے استعمال سے متعلق متعلقہ صارفین کو براہِ راست اطلاع نہیں دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ عوامی اکاؤنٹ رکھنے والے افراد کو یہ معلوم نہیں ہو سکے گا کہ ان کی تصاویر کو کسی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد بنانے کے لیے استعمال کیا گیا یا نہیں۔

انسٹاگرام نے صارفین کو مزید اختیار دینے کے لیے شیئرنگ اور دوبارہ استعمال سے متعلق نئی سیٹنگز متعارف کرائی ہیں، جن کے ذریعے صارفین اپنی پوسٹس اور ریلز کو اے آئی کے ذریعے دوبارہ استعمال ہونے سے روک سکتے ہیں۔

تاہم یہ حفاظتی فیچر خودکار طور پر فعال نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو خود اپنی سیٹنگز میں جا کر اسے تبدیل کرنا پڑے گا۔ یہ پابندی صرف آئندہ ہونے والے استعمال کو محدود کرے گی، جبکہ پہلے سے تیار کردہ اے آئی تصاویر پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق کچھ صارفین کو تاحال یہ نئے اختیارات دستیاب نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے وہ ابھی اپنی تصاویر کے اے آئی استعمال سے متعلق ترجیحات طے نہیں کر پا رہے۔

واضح رہے کہ میٹا ماضی میں بھی صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کے حوالے سے تنقید کا سامنا کر چکا ہے۔ 2019 میں کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل کے معاملے پر کمپنی کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 2021 میں میٹا نے اپنا چہرہ شناخت کرنے والا نظام بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Leave a reply