قومی اسمبلی میں ایران امریکاامن معاہدے پر تہنیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

0
8

قومی اسمبلی نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے حوالے سے تہنیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پر اطمینان اور خیرمقدم کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اس سفارتی عمل میں شامل پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کی فعال سفارتکاری نے ملک کو عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد، غیر جانبدار اور مؤثر ثالث کے طور پر منوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے مثبت، تعمیری اور امن پسند عالمی کردار کی بھی تعریف کی۔

قومی اسمبلی نے قرارداد میں عالمی امن، علاقائی استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور مصالحتی سفارتکاری کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ ایوان نے ایران امریکا امن معاہدے کو خطے اور دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

متفقہ قرارداد میں خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے فعال، ذمہ دارانہ اور مفاہمتی کردار کو قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے اس سفارتی کامیابی کو سراہا گیا۔

Leave a reply