اگر میری مداخلت نہ ہوتی تو اسرائیل تباہ ہو چکا ہوتا،ڈونلڈ ٹرمپ

0
5

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ان کی مداخلت نہ ہوتی تو اسرائیل کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی کسی حد تک متوازن رہنا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کو لبنان پر حملوں سے روک سکتے ہیں کیونکہ اسرائیلی قیادت ان کا احترام کرتی ہے اور ان کی بات سنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران سے متعلق جنگ مزید پھیلتی تو اس کے نتیجے میں عالمی معیشت کو سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر اسرائیلی قیادت کے ردعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو معاہدے پر شدید ناراض ہیں اور اسرائیلی حکومت کے بعض وزرا صدر ٹرمپ کے فیصلوں پر بھی تنقید کر رہے ہیں۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر ہونے والی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اس کی سلامتی کے لیے امریکا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ادھر عرب میڈیا کے مطابق لبنان پر اسرائیلی بمباری نے امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ تکنیکی مذاکرات کو متاثر کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد نے حملوں کے باعث سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا، جس کے بعد مذاکرات ملتوی کرنا پڑے۔ ایرانی وفد کی عدم شرکت کے باعث امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنا مجوزہ دورہ مؤخر کر دیا۔

Leave a reply