گوشواروں میں اضافی ٹیکس کریڈٹ کا غلط دعویٰ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی تجویز منظور

0
7

قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس گوشواروں میں اضافی ٹیکس کریڈٹ کا غلط دعویٰ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز منظور کر لی ہے۔ تجویز کے مطابق غلط طور پر کلیم کیے گئے اضافی ٹیکس کریڈٹ کے برابر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مقررہ وقت تک ریٹرن جمع کرانے والے بعض ٹیکس دہندگان کو ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل نہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

حکام کے مطابق ریٹرن جمع کرانے میں تاخیر کرنے والی کمپنیوں کے لیے اے ٹی ایل میں شمولیت کا سرچارج بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ پہلے یہ رقم 25 ہزار روپے تھی۔ اسی طرح ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے سرچارج 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے ایک ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایف بی آر حکام نے مزید بتایا کہ جو افراد یا ادارے اے ٹی ایل سے خارج رہیں گے، انہیں اس عرصے کے دوران ٹیکس ریفنڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر جرمانے کے نفاذ کے لیے تین ماہ کی مہلت دینے کی تجویز بھی پیش کی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ بیماری، وفات یا دیگر ناگزیر حالات کے باعث بعض افراد مقررہ وقت پر گوشوارے جمع نہیں کرا پاتے، اس لیے فوری جرمانہ عائد کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

اس موقع پر ایف بی آر کے رکن نے بتایا کہ فائلرز اور نان فائلرز سے متعلق قوانین مزید سخت کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ان کے مطابق ایف بی آر کے نوٹس پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے لیے بھاری جرمانوں کی سفارش کی گئی ہے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق پہلی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی رقم 20 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

Leave a reply