
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے یہ امتحان 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے لیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کی آن لائن رجسٹریشن 22 جون سے شروع ہوگی اور 8 جولائی تک جاری رہے گی، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کرائی جا سکے گی۔
کونسل نے بتایا کہ پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ تاخیر سے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کو 13 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ بیرونِ ملک قائم امتحانی مراکز کے لیے فیس 45 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق سندھ میں امتحان کا انتظام سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کرے گی۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ کے طلبہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم مراکز میں امتحان دے سکیں گے، جبکہ پنجاب میں مختلف شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت متعدد شہروں میں امتحان ہوگا، جبکہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں ٹیسٹ دیں گے۔ بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں خصوصی ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ امتحانی مرکز کے انتخاب کے بعد اس میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، یعنی غلط جواب پر نمبر منفی نہیں کیے جائیں گے۔
کونسل کے مطابق امیدواروں کو ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی، جبکہ نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ سلیبس اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔ پی ایم ڈی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں ردوبدل کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
مزید دیکھیں
-
آئی ایم ایف نےایگزیکٹوبورڈمیٹنگ کےشیڈول کاکیلنڈرجاری کردیا
نومبر 13, 2025 -
آلودگی کےاعتبارسےلاہورآج بھی سرفہرست
نومبر 14, 2024
اہم خبریں
سائنس/فیچر

پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔














