
پنجاب اسمبلی میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے خیرمقدم کی قرارداد جمع کروا دی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے مخلصانہ اور مؤثر سفارتی کوششیں کی ہیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
متن میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی پرامن سفارتی کاوشیں موجودہ حکومت کی ایک اہم کامیابی ہیں۔ اس کے مطابق وہ ملک جسے کبھی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کرنے کی کوشش کی گئی، آج عالمی فیصلوں میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اسلامی دنیا کے نمایاں رہنما قرار دیتے ہوئے ایوان کی جانب سے وفاقی حکومت کے امن کے قیام سے متعلق تمام فیصلوں کی تائید کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔















