
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی نے اپنی پیشہ ورانہ تیاری اور درست نشانہ لگانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ شپ لانچڈ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب لائیو فائرنگ تجربہ کیا۔ میزائل نے تیز رفتار کے ساتھ طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ اس تجربے کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان نیوی کی تکنیکی مہارت اور عملی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا۔
حکام کے مطابق میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ درجے کی موومنٹ صلاحیت سے لیس ہے، جو اسے دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے، بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کے قابل بناتا ہے۔
اس کامیاب تجربے کو پاکستان نیوی کے اس عزم کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے کہ وہ روایتی دفاعی میدان میں سمندری سطح پر مؤثر ڈیٹرنس برقرار رکھنے اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔















