اسحاق ڈارکاایران امریکامذاکرات کیلئےویزا آن ارائیول کا اعلان

0
3

پاکستان نے جمعہ کے روز اسلام آباد ٹاکس 2026 میں شرکت کے لیے آنے والے افراد، بشمول مندوبین اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے ویزا آن ارائیول کی خصوصی سہولت کا اعلان کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مذاکرات میں شریک تمام ممالک کے صحافیوں اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو بغیر پیشگی ویزا کے سفر کی اجازت دیں، جبکہ پاکستان پہنچنے پر امیگریشن حکام ویزا جاری کریں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اسلام آباد ٹاکس 2026 کے شرکاء کو ویزا آن ارائیول دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایئرپورٹس پر خصوصی سہولت کاری ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان حالیہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے اور اسلام آباد ان کے درمیان اہم مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفود کی سطح کے مذاکرات آج شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ مرکزی مرحلہ ہفتے کو متوقع ہے۔
امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ سینیئر مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔جبکہ ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالب مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکراتی مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، خصوصاً اس کی سول اور عسکری قیادت کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں کے بعد فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد ملی ہے۔

Leave a reply