
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
گوتیرس نے گفتگو کے دوران خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے اقدامات کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات کے انعقاد کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، اس لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات کا دوبارہ آغاز ضروری ہے، جبکہ عالمی بحری آمدورفت کے حقوق اور آزادیوں کا احترام بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے بھی خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارت کاری اور مکالمے کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔















