اسحاق ڈار کا صومالی ہم منصب سے رابطہ، پاکستانی مغویوں کی جلد رہائی کیلئےکوششیں تیز کرنے پر زور

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ایم ٹی آنر 25 پر سوار پاکستانی مغویوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے صومالی ہم منصب کو اس معاملے پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے مغویوں کی خیریت، جلد رہائی اور محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
صومالی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ مغویوں کی رہائی کے لیے حکومت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلے کے حل تک قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا، جبکہ صومالی وزیر خارجہ نے علاقائی امور میں پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔















