کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر گرفتار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان، آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق وارنر پر شراب پی کر گاڑی چلانے کا الزام ہے۔ سڈنی کے علاقے ماروبرا میں پولیس نے گاڑی چلاتے ہوئے وارنر کا ٹیسٹ کیا۔ وارنر نے پولیس کے ٹیسٹنگ سینٹر کے پہنچنے سے پہلے ہی گاڑی روک دی تھی، تاہم پولیس اہلکاروں نے ان کا بریتھ ٹیسٹ لیا، جو مثبت آیا۔
رپورٹس کے مطابق وارنر کو نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر اس وقت پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں اور وہ چند روز کی چھٹیوں پر آسٹریلیا گئے تھے۔ انہیں 9 اپریل کو دوبارہ اپنی ٹیم جوائن کرنی تھی۔















