کراچی:تیزآندھی اوربارش سےمختلف حادثات میں 20افرادجاں بحق،متعددزخمی

0
7

شہرقائدکراچی میں آندھی اورتیزبارش نےتباہی مچادی،مختلف حادثات میں 20افرادزندگی کی بازی ہارگئےجبکہ متعددشہری زخمی بھی ہوئے۔
کراچی کےعلاقےبلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ قائد مجید کالونی میں گھرکی دیوار گرنے سے میاں بیوی اور ان کی بیٹی زخمی ہوگئی۔ سرجانی ٹاؤن میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ مچھر کالونی میں بھی مکان کی چھت منہدم ہوگئی۔
انارکلی بازار میں پولیس کیمپ سمیت متعدد اسٹالز گر گئے، تاہم کیمپ کے ملبے تلے دبنے والی خواتین اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ماڑی پور میں 97 اور شاہراہ فیصل پر 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔
تیز آندھی اور بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں چلتی رہیں۔
آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا، بارش کے بعد معین آباد،عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاون 14 اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس فیز ٹو، ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی، نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

Leave a reply