کےپی حکومت نےعلی امین گنڈاپورسےسیکیورٹی واپس لےلی

خیبرپختونخواحکومت نےسابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورسےسیکیورٹی واپس لےلی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیکیورٹی گزشتہ روز چیف سیکیورٹی افسر کے حکم سے واپس لی گئی ۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک جیمر، دو ڈبل کیبن اور ڈرائیور سمیت 14 افراد کا اسٹاف تھا، ڈی آئی خان ایک حساس علاقہ ہے اور مجھے پہلے سے تھریٹ الرٹس ہیں، یہ تھرٹ الرٹس بحیثیت سابق وزیراعلیٰ اور حکومت میں دہشت گردی کے حوالے سے مؤثر پالیسی کے باعث ملی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان خیبرپختونخوا کا دہشت گردی سے متاثرہ علاقہ ہے پھر بھی میری سیکیورٹی واپس لی گئی ہے، وزیراعلیٰ سے وجوہات جاننے سے معلوم ہوا کہ آرڈر اوپر سے آئے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے سی ایس او سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں اگر گاڑیاں کم ہیں تو میں اپنی گاڑیاں بھیج دوں گا، مجھے اگر دوبارہ گاڑی یا سیکیورٹی دی گئی تو میں پھر نہیں لوں گا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پریس سیکرٹری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق زیر گردش دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔















