
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کرنے کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی اور دیگر جماعتوں کی قیادت سے رابطہ کیا جائے گا۔ جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے پہلے ہی دعوت دی جا چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک نے عوام پاکستان پارٹی کی قیادت سے بھی رابطہ کر لیا ہے، جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کی عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیاسی صورتحال اور آئینی معاملات سمیت مختلف امور پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔















